دھوپ کنارے کے بعد تنہائیاں اور آہٹ کی بھی عربی ڈبنگ ہو گی
پاکستان کے معروف ڈرامے دھوپ کنارے کی کامیاب عربی ڈبنگ کے بعد اگلے مرحلے میں دو اور پاکستانی ڈراموں تنہائیاں اور آہٹ کی عربی ڈبنگ کی جائے گی۔ اس پروجیکٹ کی نگرانی کرنے والی مترجم ڈاکٹر لبنی فرح کا کہنا ہے کہ یہ ڈبنگز ریاض اور اسلام آباد کے درمیان ثقافتی اشتراک کو فروغ دینے کے پروگرام کے تحت کی جائیں گی۔ گذشتہ سال اس وقت پاکستان کے وزیر اطلاعات کے عہدے پر موجود وزیر فواد چوہدری نے اپنے سعودی عرب کے دورے کے دوران اعلان کیا تھا کہ پاکستان جلد ہی سعودی عرب کو اپنے معروف ڈرامے برآمد کرے گا۔ جس کے بعد اس سلسلے میں تین ڈراموں کو منتخب کی کیا گیا تھا جن میں دھوپ کنارے، تنہائیاں اور آہٹ شامل ہیں۔ لبنی فرح نے عرب نیوز کو بتایا کہ 'دھوپ کنارے کے مثبت رد عمل کے بعد اب میں دو اور پی ٹی کلاسک ڈراموں آہٹ اور تنہائیاں کے حوالے سے پرامید ہوں۔' ڈبنگ کے تجربے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ یہ تمام ڈبنگ عام فہم عربی میں کی گئی ہے اور سب سے مشکل حصہ موزوں ڈبنگ آرٹسٹس کی تلاش تھی۔ لبنی فرح کا کہنا ہے کہ 'ڈرامے میں 35 اداکار شامل تھے جن میں تین بچے بھی تھے اور ان تمام اداکاروں کے لیے آرٹسٹس تلاش کرنے میں طویل وقت لگا۔ پاکستان میں عربی بولنے والے افراد کی تعداد بہت کم ہے اس لیے میں نے اپنے طلبہ، دوستوں اور رشتہ داروں کا آڈیشن لیا جو عربی بول سکتے تھے۔' ان کا مزید کہنا ہے کہ فضیلت بی بی کے کردار کے لیے کوئی موزوں ڈبنگ آرٹسٹ نہ ملنے پر میں نے مجبوری میں یہ ڈبنگ خود اپنی آواز میں کی۔ ترجمہ نگار: Read the full article














