https://is.gd/ljaVhY
حکومت نے عوام کی کھال اتارنے کا فیصلہ کر لیا ہے
امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے حکومت کی طرف سے بجلی و گیس کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کی تجویز کو مسترد کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے عوام کے جسم سے خون کا آخری قطرہ نچوڑنے کے بعد لوگوں کی کھال اتارنے کا فیصلہ کر لیاہے جو انتہائی ظلم اور قابل مذمت ہے ۔حکومت نے تجویز واپس نہ لی تو عوام حکمرانوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں گے اور پھر انہیں گھر بھیج کر ہی واپس اپنے گھروں میں جائیں گے۔۔
حکومت فوری طو ر پر اس تجویز کو واپس لے ۔ حکومت لوٹی دولت نکلوانے اور ٹیکس نادہندگان کو پکڑنے کی بجائے عوام کے کپڑے اتارنے پر تلی ہوئی ہے ۔ حکومت نے جب سے اقتدار سنبھالا ہے ، مہنگائی کرنے کے علاوہ اور کچھ نہیں کر سکی ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے جوبیل سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت دوست ممالک سے اربوںڈالر کے قرضے اور امداد اور آئی ایم ایف سے بھاری شرح سود پر قرضہ لینے کے باوجود عوام کو مہنگائی کی چکی میں پیس رہی ہے ۔ حکمرانوں کا اپنا دعویٰ ہے کہ ان پر اربوں ڈالر نچھاور ہورہے ہیں اور کچھ عرصہ بعد ہی ملک میں دولت کی ریل پیل ہوگی اور معاشی انقلاب آجائے گا مگر حکومت کے بلندو بانگ دعوے نقش بر آب ثابت ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سمیت جو جماعتیں حکومت کو وقت دینے اور کچھ کر دکھانے کا موقع دینے کے حق میں تھیں وہ بھی اب حکومت کو جلد از جلد چلتا کرنے کا سوچ رہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے آٹھ ماہ کے دور میں عوام کو کوئی ریلیف نہیں دے سکی اور وزیرخزانہ کے اپنے الفاظ میں عوام کی واقعی چیخیں نکل گئی ہیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی کوئی معاشی پالیسی اور وژن نہیں ۔حکومت احتساب اور لوٹی دولت کی واپسی کے وعدے پر آئی تھی مگر آج تک لٹیروں سے ایک پائی بھی وصول کرکے قومی خزانے میں جمع نہیں کرسکی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سے پانچ سو ارب ڈالر کی خطیر رقم لوٹ کر بیرون منتقل کی گئی۔حکومت اس دولت کی واپسی کا کوئی ٹائم فریم نہیں دے سکی اور نہ کوئی میکنزم بنا سکی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت غریب عوام کا خون چوس کر کب تک گزارہ کرے گی۔عوام کی قوت برداشت جواب دے چکی ہے۔حکومت نے اگر تیل اور گیس کی قیمتوں میں اضافے کاظالمانہ فیصلہ واپس نہ لیا تو عوام حکمرانوںکے خلاف اٹھ کھڑے ہونگے۔
















