جام پور میں جگہ جگہ لٹکتی بجلی کی تاریں عوام کے لئے وبال جان بن گئیں جام پور میں جگہ جگہ لٹکتی بجلی کی تاریں عوام کے لئے وبال جان بن گئیں. رپورٹ: محمد راول خان جام پور(ویب ڈیسک) جام پور شہر میں جگہ جگہ لٹکتی بجلی کی تاریں عوام کے لئے وبال جان بن گئیں. کسی بھی محلے، کسی بھی گلی یا کسی بھی سڑک پر آپ چلے جائیں، آپ کو کھمبوں سے اور دیواروں پر یہ بجلی کی تاریں لٹکتی نظر آئیں گی جو ہر راہ گیر کے لئے کسی لٹکتی ہوئی تلوار سے کم نہیں ہیں. تفصیلات کے مطابق جام پور شہر کے ہر گلے، کوچے اور نکڑ پر بجلی کی تاریں لٹکی ہوئی ہیں جو کسی بھی وقت بڑے حادثے کی وجہ بن کر جانی و مالی نقصان کر سکتی ہیں. جام پور ٹی وی کے نمائندہ محمد راول خان کے مطابق کوٹلہ روڈ، کوٹلہ چونگی، ڈیمز گیت سمیت پورے جام پور میں بجلی کی تاریں جا بجا لٹک رہی ہیں. جو کسی بھی وقت حادثے کا باعث بن سکتی ہیں. ان میں سے زیادہ تر تاروں کے جوڑ بنا انسولیشن لگے ہوئے ہیں. ان کا سب سے زیادہ خطرہ یہ ہے کہ یہ تاریں زمین سے 4 یا 5 فٹ اونچائی پر بھی لٹک رہی ہیں جو کہ گلی میں سے گزرتے یا کھیلتے بچوں کے لئے انتہائی خطرناک ہیں. کئی مرتبہ اعلیٰ حکام کو ان تاروں کو درست انداز سے لٹکانے کے لئے درخواست بھی دی گئی مگر مسئلہ حل نہ ہو سکا. تمام شہریوں سے گزارش ہے کہ ایسی جگہوں سے گزرتے وقت احتیاط سے گزریں اور خاص طور پر اپنے بچوں کا خیال رکھیں کیوں کہ زمین کے انتہائی نزدیک لٹکتی تاریں کسی بھی وقت خطرہ بن سکتی ہیں. مزید یہ کہ جب بارش ہو رہی ہو اس وقت بھی خود کو اور اپنے عزیزوں کو احتیاط سے ان تاروں والی جگہوں سے گزاریں. عوامی و سماجی حلقوں نے شہر میں لٹکتی تاروں کو جلد از جلد درست انداز سے لٹکانے کا مطالبہ کیا ہے.







