ماں ایک ہونہار بیٹی سے محروم ہو گئی ہے، ملالہ یوسف زئی کا پاکستانی طالبہ سبیکہ شیخ کی موت پر اظہار افسوس #aajkalpk #london #malalaYousaf #SabeekaDeath #taxisSchool لندن: نوبل انعام یافتہ پاکستانی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے امریکا میں فائرنگ کے واقعے میں جاں بحق ہونے والی پاکستانی طالبہ سبیکہ شیخ کے والد کو فون کرکے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے سبیکا شیخ کے والد عزیز شیخ سے فون پر رابطہ کیا۔ ملالہ نے سبیکہ کی موت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم ایک ہونہار بیٹی سے محروم ہو گئی ہے۔ ملالہ یوسف زئی نے سبیکہ کے والد اور بہن سے کہا کہ وہ انہیں اپنی بیٹی اور بہن کی طرح سمجھیں، وہ ان کے غم میں برابر کی شریک ہیں۔ سبیکہ کے والد نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ گن وائلنس کے خلاف آواز اٹھائی جائے جس پر ملالہ یوسف زئی نے انہیں یقین دلایا کہ وہ اس معاملے پر ان کا پورا ساتھ دیں گی۔خیال رہے کہ کراچی کی رہائشی 17 سالہ سبیکہ عزیز شیخ امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے کینیڈی لوگریوتھ ایکسچینج اینڈ اسٹڈی اسکالر شپ پروگرام کے تحت گزشتہ برس 21 اگست کو 10 ماہ کے لیے امریکا گئی تھیں اور 9 جون کو انہیں وطن واپس آنا تھا۔وہ ٹیکساس کے شہر سانتافی کے ایک ہائی اسکول میں زیر تعلیم تھیں، جہاں جمعہ (18 مئی) کو اسکول کے ہی ایک طالب علم کی فائرنگ سے وہ چل بسیں۔فائرنگ کے نتیجے میں 9 طالب علموں اور ایک استاد سمیت 10 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوئے تھے۔












