اس سے پہلے کہ گُزر جائیں یہ لمحاتِ نشاط
اس سے پہلے کہ یہ کلیاں بھی فسردہ ہو جائیں
اس سے پہلے کہ بدل جائے مزاجِ احساس
اس سے پہلے کہ یہ حالات بھی مُردہ ہو جائیں
اس سے پہلے کہ بدل جائے نظر کا انداز
اس سے پہلے کہ نظاروں کو نظر لگ جائے
اس سے پہلے کہ لباسِ شبِ خاموش ہو چاک
اس سے پہلے کہ ستاروں کو نظر لگ جائے
جزبۂ شوق کو اظہار پہ آمادہ کرو
لبِ خاموش کو گُفتار پہ آمادہ کرو
#جون ایلیاء















